جاری اسرائیلی مظالم نے عالمی سطح پر انسانی ضمیروں کو مجروح کیا ہے ،طیب اردوان
بشکیک(آئی این پی)ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ دنیا مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے،ترکیہ اور کرغزستان کے درمیان تجارتی تعلقات مزید بڑھائے جائیں گے۔صدر اردوان نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں اعلیٰ سطحی سٹریٹجک تعاون کونسل کے چھٹے اجلاس سے خطاب کیا۔اردوان نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ فتح اللہ دہشت گرد تنظیم (فیتو)سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد بلا رکاوٹ جاری رہے گی آج ہم مشترکہ سکیورٹی معاہدے پر دستخط کے ذریعے اپنے تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔اردوان نے کہا کہ غزہ سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری اسرائیلی مظالم نے عالمی سطح پر انسانی ضمیروں کو مجروح کیا ہے، اب اسرائیل کے لبنان پر حملے پوری خطے کی سلامتی اور بین الاقوامی نظام کو دھمکی دے رہے ہیں۔۔صدر نے کہا کہ اسرائیل پر بین الاقوامی دبا بڑھانے کے لیے اقوام متحدہ سمیت کثیر الجہتی اقدامات میں کرغزستان کی حمایت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔