لیاقت پور میں پانی کھڑا ہونے کے باوجود گھروں کو واپسی ‘ بہاول پور میں باقر پور متاثرین کا انتظامیہ پر ریلیف کیمپ خالی کرانے کا الزام
موٹر وے ایم 5 پر 13 مقامات سے متاثر، مزید 5 پوائنٹس متاثر ہونے کا خدشہ‘ملتان سے سکھر متبادل راستے سے سفر کیا جاسکتا ہے: ترجمان موٹر وے پولیس
لاہور، ملتان، بہاولپور (آئی این پی )ریائے ستلج کے زمینی کٹائو سے بہاولنگر اور پاکپتن میں سیکڑوں مکانات دریا برد ہو گئے، جلالپور پیر والا میں 2 خواتین اور ایک نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، لیاقت پور میں پانی کھڑا ہونے کے باوجود گھروں کو واپسی شروع ہو گئی۔دریائے ستلج نے پاکپتن گائوں باقرکے کا رخ کر لیا، زمینی کٹائو تیزی سے جاری ہے، درجنوں گھر دریا برد ہو گئے، لوگوں نے اپنے مکانوں سے قیمتی سامان اتارنا شروع کر دیا، گائوں کو مزید نقصان سے بچانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی دوڑیں، ہیوی مشینری کے ذریعے بند باندھنے کا عمل جاری ہے۔ادھر ملتان کی تحصیل جلالپور پیروالا میں سیلابی پانی میں ڈوب کر 2 خواتین اور ایک نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق جلالپور پیروالا کی چک 81 ایم میں پانی اترنے پرخواتین گھر واپس جاتے ہوئے ڈوب گئیں جبکہ چک 66 ایم میں سیلاب کے جمع پانی میں نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوا۔ادھر بہاول نگر کی بستی جانن والی اور گرد و نواح کے علاقے دریائے ستلج سے متاثر ہوئے جس کے باعث 50 سے زائد مکان دریائی کٹا ئوکی نذر ہوگئے۔حکام کے مطابق 500 سے زائد مزید مکانوں کو خطرہ ہے، مقامی افراد کٹائو سے بچنے کے لئے اپنے گھر گرانے لگے ہیں، علاقے کے مدرسے اور مسجد کا بڑا حصہ بھی شہید ہوا جبکہ پرائمری سکول کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔دوسری جانب بہاول پور میں باقر پور کے سیلاب متاثرین نے انتظامیہ پر ریلیف کیمپ خالی کرانے کا الزام لگایا اور احتجاج کیا تاہم ڈپٹی کمشنر نے متاثرین کا الزام مسترد کر دیا اور کہا کہ صورتِ حال میں بہتری پر متاثرین کو جانے کا کہا جائے گاسیلاب کے باعث موٹر وے ایم 5 پر اب تک 13 مقامات سے متاثر ہو چکی ہے۔ترجمان موٹر وے پولیس نے کہا ہے کہ موٹر وے ایم 5 پر مزید 4 سے 5 پوائنٹس متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ایک بیان میں موٹر وے پولیس ترجمان کا بتانا ہے کہ موٹر وے ایم 5 سیلاب کی وجہ سے تا حال بند ہے، ملتان سے سکھر متبادل راستے سے سفر کیا جاسکتا ہے، شاہ شمس انٹرچینج سے قومی شاہراہ کی طرف ٹریفک جا سکتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ اوچ شریف کے راستے انٹرچینج سے دوبارہ موٹر وے ایم 5 پر سفر کیا جا سکتا ہے جبکہ سکھر سے ملتان ایم 5 اوچ شریف انٹر چینج قومی شاہراہ پر سفر کیا جا سکتا ہے