کٹاؤ میں تیزی ، اب تک سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی ، مکانات ،سکول دریا برد
ہیڈ قادرآباد بیراج سے ملحقہ علاقوں کا 40 دن بعد زمینی راستہ بحال
بہاولنگر،قصور ،وزیرآباد ،اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)دریائے ستلج میں پھرنچلے درجے کا سیلاب ، ضلع بہاولنگر کے مزید درجنوں دیہات میں تباہی۔تفصیلات کے مطابق دریائے ستلج میں ہیڈ گنڈا سنگھ اور ہیڈ سلیمانکی کے مقامات پر پانی کی آمد میں خطرناک اضافہ ہوگیا،کئی علاقوں میں دریائی کٹاؤ میں تیزی آگئی،اب تک سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی، فصلیں، مکانات، مساجد اور سکول دریا برد ہو چکے ہیں، ستلج میں پانی کی سطح مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ ادھردریائے چناب کے ہیڈ قادرآباد بیراج سے ملحقہ علاقوں کا زمینی رابطہ 40 دن بعد بحال ہو گیا ،منڈی بہا ئوالدین، حافظ آباد اور گوجرانوالہ کا زمینی رابطہ منقطع تھا۔قصور میں بھارت کی جانب سے ستلج میں دوبارہ پانی چھوڑے جانے کے بعد ملحقہ دیہاتوں میں دوبارہ سیلابی صورتحال ہے ۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں میں بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور پہاڑی علاقوں میں سرد رہے گا،کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ادھر ترجمان واپڈا کے مطابق آبی ذخیرہ منگلا ڈیم مکمل بھر گیا، تربیلا اور چشمہ پہلے ہی بھر چکے ہیں۔