ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نیگرفتار 9 کارکنوں کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی دیدیا
گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹ )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرانوالہ نے اقدام قتل، ہنگامہ آرائی سمیت دیگر سنگین مقدمات میں گرفتار مذہبی جماعت کے 29 کارکنوں کو شناخت پریڈ کیلئے 4 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا جبکہ دو مقدمات میں گرفتار 9 کارکنوں کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عتیق الرحمن کی عدالت نے گزشتہ روز مذہبی جماعت کے گرفتار 29کارکنوں کے مقدمہ کی سماعت کی۔تھانہ صدر گوجرانوالہ پولیس نے اقدام قتل ، ہنگامہ آرائی سمیت دیگر سنگین دفعات کیتحت درج مقدمہ میں گرفتار نصیر احمد، احمد رضا ،علی رضا سمیت 18 ملزموں جبکہ تھانہ نوشہرہ پولیس نے محمد اصغر، قاری رفیق سمیت 11 ملزموں کو عدالت پیش کیا اور ملزموں کو شناخت پریڈ کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی درخواستیں دیں۔ فاضل جج نے درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیدیا۔ علاوہ ازیں دو مقدمات میں گرفتار 9 ملزموں کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر سٹی نارووال پولیس کے حوالے کر دیا۔