حادثات : باپ بیٹی سمیت 3 افراد جاں بحق، 6 زخمی

 ہیڈ بلوکی روڈ پر کیری ڈبہ سوارفاروق اعظم اور بیٹی عائشہ دم توڑگئے 
زخمی اورلاشیں ڈی ایچ کیوننکانہ منتقل ،چیچہ وطنی میں گارڈ اصغرجاں بحق 
موڑکھنڈا، چیچہ وطنی (خصوصی رپورٹ) مختلف ٹریفک حادثات میں باپ بیٹی سمیت تین افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ 240 موڑ کے رہائشی فاروق اعظم اپنی فیملی کے ہمراہ کیری ڈبہ میں پھولنگر سے واپس گھر جا رہے تھے کہ ہیڈ بلوکی روڈ پر پکا قلعہ سٹاپ کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئے۔ حادثے کے نتیجے میں فاروق اعظم اور اس کی بیٹی عائشہ موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ فائزہ بی بی، عبداللہ، فضل، شاہدہ، فرحان، جام محمد اور ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور شیر زمان زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ننکانہ منتقل کر دیا جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا۔دریں اثنا، تھانہ صدر چیچہ وطنی کی حدود مشرقی بائی پاس پر 114-بارہ ایل کے قریب ایک اور حادثے میں پٹرول پمپ کا سکیورٹی گارڈ محمد اصغر، جو موٹر سائیکل پر ڈیوٹی پر جا رہا تھا، تیز رفتار بس کی ٹکر سے موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے بس کو قبضے میں لے لیا جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔