ٹریفک حادثات :باپ اور2بیٹوں سمیت 5 افراد جاں بحق

ملتان روڈ پھول نگر بائی پاس پرٹرالرکی ٹکرسے موٹرسائیکل سواروسیم اوربیٹے چل بسے 
چونیاں کھائی روڈ شوگر مل کے قریب کار کی ٹکر، موسائیکل سوار احمد موقع پر دم توڑگیا
 قصور، الہ آباد، تلونڈی (خصوصی رپورٹ) ٹریفک کے تین مختلف حادثات میں باپ اور2کمسن بیٹوں سمیت 5 پانچ افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ بتایاگیاہے کہ 35 سالہ وسیم اپنی بیوی اور دو بچوں کے ہمراہ موٹرسائیکل پر حبیب آباد سے لاہور جا رہا تھا کہ ملتان روڈ پھول نگر بائی پاس کے قریب تیز رفتار ٹرالر نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وسیم اور اس کے دو بچے 2 سالہ حمیداللہ اور 4 سالہ سمیع اللہ موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ 30 سالہ بیوی ریحانہ بی بی شدید زخمی ہوگئی۔ ریسکیو 1122 کے عملے نے زخمی خاتون کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔دوسرے واقعے میں 18 سالہ احمد موٹرسائیکل پر چونیاں کھائی روڈ شوگر مل کے قریب جا رہا تھا کہ تیز رفتار کار نے ٹکر ماری، جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو عملے نے لاش ٹی ایچ کیو ہسپتال چونیاں منتقل کر دی۔تیسرے حادثے میں رکشہ میں سوار 38 سالہ جاوید ، 28 سالہ مجیب اور 65 سالہ سنتو بی بی جاگووالا کے قریب جا رہے تھے کہ ٹریکٹر کے ہلوں سے رکشہ ٹکرا گیا، جس سے رکشہ الٹ گیا۔ حادثے میں 65 سالہ سنتو بی بی موقع پر جاں بحق جبکہ جاوید اور مجیب شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 نے زخمیوں اور لاش کو ٹی ایچ کیو ہسپتال پتوکی منتقل کر دیا۔