نشتر ٹائون میں فلائی اوور سے گرکر 1شخص چل بسا، بصیر پور میں 2موٹرسائیکلوں کاتصادم ، نوجوان ٹرالی تلے آکرہلاک
پتوکی میں ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکرسے موٹرسائیکل سوار باپ بیٹی ،للیانی ٹول پلازہ کیقریب خاتون زندگی کی بازی ہارگئی
لاہور،قصور،اوکاڑہ ،بصیرپور،پاکپتن(کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹ)صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران باپ بیٹی سمیت 7افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق نشتر کالونی کے علاقے میں 51 سالہ شخص پہلے فلائی اوور سے نیچے گرا اور ڈمپر کی زد موقع پر ہی دم توڑ گیا،جاں بحق شخص کی شناخت 51 سالہ اکبر کے نام سے ہوئی، اطلاع ملنے پر پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ منتقل کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اکبر علی کو گرایا گیا ،اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔دریں اثنا پتوکی میں سہجووال پھاٹک کے قریب ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 62 سالہ نثار اور ان کی 20 سالہ بیٹی نشا موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ 10 سالہ سیف زخمی ہوگیا۔ حادثے کا شکار ہونے والے تینوں افراد حبیب آباد سے پتوکی کی جانب جا رہے تھے۔ دوسرے حادثے میں مصطفی آباد للیانی ٹول پلازہ کے قریب سڑک عبور کرنے والی 36 سالہ خاتون نازیہ ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آ کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ تیسرے حادثے میں پرانی پتوکی کے مقام پر سڑک عبور کرنے والی گدھا گاڑی سے لاہور کی جانب سے آنے والی تیز رفتار کار ٹکرا گئی، جبکہ پیچھے سے آنے والا رکشہ اور موٹر سائیکل بھی کار سے جا ٹکرائے۔ متعدد گاڑیوں کے تصادم کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔ادھر چوک بصیرپور میں ٹریکٹر ٹرالی کو اوور ٹیکنگ کرتے دو موٹر سائیکلوں میں تصادم ہوگیا، ایک موٹر سائیکل سوار 27 سالہ غلام مصطفی ٹرالی کے نیچے آکر کچلا گیا اور موقع پر جاں بحق ہوگیا، دوسرا موٹر سائیکل سوار معجزانہ طور پر بچ گیا۔علاوہ ازیں پاکپتن میں ہوتہ روڈپرچھپر موڑ کے قریب سامان سے لوڈ مزدا ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی جس سے وہ موقع پہ ہی جاں بحق ہو گیا،جاں بحق شخص کی شناخت محمد رفیق کے نام سے ہوئی۔