ایک گاڑی کی قیمت 1کروڑ 80 لاکھ روپے، منصوبوں کیلئے پہلے ہی 45ارب مختص
سروے ،سرویلنس کیلئے لی جانیوالی گاڑیاں افسروں کو سفری سہولت دیں گی:ذرائع
لاہور(کرائم رپورٹر)صاف پانی اتھارٹی نے اپنے افسروں کے لیے 10 کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت سے چھ نئی گاڑیاں خریدنے کی منظوری دی ہے۔ذرائع ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق یہ گاڑیاں بظاہر فیلڈ سروے اور فیلڈ سرویلنس کے نام پر خریدی جا رہی ہیں، مگر درحقیقت انہیں افسروں کی سفری سہولتوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ایک گاڑی کی قیمت تقریباً 1 کروڑ 80 لاکھ روپے بتائی گئی ہے، جب کہ ان گاڑیوں کی خریداری کے لیے صاف پانی منصوبوں کے فنڈز سے رقم مختص کی گئی ہے۔پراجیکٹ میں گاڑیوں کی خریداری کو ‘‘فیلڈ سرویلنس ایکٹویٹی’’ کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ حکومت پنجاب صاف پانی کے منصوبوں کے لیے پہلے ہی 45 ارب روپے کا خصوصی پیکیج منظور کر چکی ہے، جس کا مقصد صوبے کے مختلف اضلاع میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔