کابینہ ڈویژن کی 12.6 ارب روپے کے فنڈز کی درخواست، 6.6 ارب منظور‘گوادر فری زون سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد کی منظوری
اسلام آباد(آن لائن)حکومت نے ایس سی او سمٹ کیلئے 30 بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کی منظوری دے دی۔ایس سی او سمٹ ستمبر 2027 میں پاکستان میں منعقد ہوگی۔وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کیلئے 6.6 ارب روپے کی منظوری دی گئی ۔کابینہ ڈویژن کی 12.6 ارب روپے کے فنڈز کی درخواست تھی تاہم 6.6 ارب منظورکئے گئے۔مزید بلٹ پروف گاڑیوں کی ضرورت پر کابینہ ڈویژن کو تفصیلی تجزیہ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں تمباکو فصل کی کم از کم امدادی قیمتوں اور سیس ریٹس کی سمری مؤخر کر دی گئی اورتمباکو کی قیمتوں اور سیس ریٹس پر مزید قابلِ جواز تجزیہ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں گوادر فری زون سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد کی منظوری دی گئی ۔گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد کیلئے ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔