علی امین گنڈاپور چاہتے تھے کہ وفاق کے ساتھ حالات کشیدہ ہوں:فیصل کریم کنڈی

علی امین گنڈاپور چاہتے تھے کہ وفاق کے ساتھ حالات کشیدہ ہوں:فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے خود ہی چاہتے تھے کہ وفاق کے ساتھ حالات کشیدہ ہوں۔

 انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور ایک غیرسیاسی اور غیرسنجیدہ شخصیت تھے، جو کبھی گورنر ہاؤس سے نکالنے کی بات کرتے تھے اور کبھی کہتے تھے کہ بلاول بھٹو زرداری کو کے پی آنے نہیں دوں گا۔انہوں نے مشورہ دیا کہ سیاسی قیادت کو چاہیے کہ بڑی باتیں کرنے سے بچیں اور عہدہ ملنے پر عاجزی کا مظاہرہ کریں۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں علی امین گنڈاپور کے جانے پر جتنی خوشی ہے، وہ اتنی ہی اپوزیشن میں بھی نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہت جلد پی ٹی آئی یوم نجات منائے گی۔گورنر نے صوبے میں امن کے قیام کے لیے وزیراعلیٰ کے جرگہ بنانے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ سہیل آفریدی کو سب سے پہلے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا چاہیے، اور ہر ضلع کا دورہ کرتے ہوئے پارلیمانی جرگہ تشکیل دینا چاہیے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں، بشمول اپوزیشن، کو جرگے میں شامل کیا جائے اور حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ علی امین گنڈاپور کے کون سے فیصلے غلط تھے۔ انہوں نے کہا کہ علی امین باہر آکر بڑی باتیں کرتے تھے لیکن اندر وہ ان کے ساتھ تھے۔گورنر نے یہ بھی کہا کہ موجودہ حکومت کو جلد اندازہ ہو جائے گا کہ علی امین نے کہاں غلطیاں کیں، اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو جلد ہی مکمل بریفنگ دی جائے گی۔ چند دنوں میں حالات واضح ہو جائیں گے اور وزیراعلیٰ بہتری لانے کے قابل ہو جائیں گے۔ جہاں بھی وزیراعلیٰ کو گورنر ہاؤس یا اپوزیشن سے مدد کی ضرورت ہوگی، وہ مثبت رسپانس دیا جائے گا۔