ویب ڈیسک: اسلام آباد میں بریسٹ کینسر ویک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اہم اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں پہلی بار، برطانیہ کے بعد، پمز اسپتال اسلام آباد میں بریسٹ کینسر کی مفت اسکریننگ کے لیے ایک جدید سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے۔
وزیر صحت نے اس موقع پر بتایا کہ یہ سینٹر خواتین کو بریسٹ کینسر کی تشخیص کے لیے فوری اور مفت خدمات فراہم کرے گا تاکہ بیماری کی ابتدائی سطح پر شناخت ممکن ہو سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ بریسٹ کینسر سے لڑنے کے لیے سب سے اہم مرحلہ اس کی بروقت تشخیص ہے، اور اسی لیے اس سہولت کا قیام انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا، "ہم نہیں چاہتے کہ لوگ پہلے بیمار ہوں اور پھر اسپتال آئیں۔ یہ سینٹر خواتین کو بیماری سے پہلے ہی ان کی حالت کا اندازہ لگانے میں مدد دے گا۔"مصطفیٰ کمال نے عوامی آگاہی پر بھی زور دیا اور کہا کہ "بریسٹ کینسر کے خلاف جنگ صرف آگاہی سے جیتی جاتی ہے۔ ہمیں اپنی ماں، بہن اور بیٹیوں کو اس موذی بیماری سے بچانا ہے۔"
انہوں نے طبی عملے کو بھی پیغام دیا کہ خدمت انسانیت کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اور اس کا اجر اللہ کے ہاں بہت ہے۔ مستقبل کے منصوبوں میں ضلعی سطح پر بھی اس طرح کے اسکریننگ سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔وزیر صحت نے تاکید کی کہ خواتین اور بچیوں کو بیماری سے بچاؤ کے لیے یہ ٹیسٹ قبل از وقت کروانا بہت ضروری ہے تاکہ بروقت علاج شروع کیا جا سکے۔ اس نئی سہولت کے قیام سے ملک بھر کی خواتین کو بریسٹ کینسر کی جلد تشخیص میں مدد ملنے کی توقع ہے، جو کہ بیماری کے اثرات کو کم کرنے اور زندگی بچانے کا ایک اہم قدم ہے۔