پنجاب پولیس میں افسران اور جوانوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کی اسکریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب ون نے صوبے بھر کے پولیس حکام کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں موجودہ حالات میں ذہنی دباؤ اور جسمانی صحت کے بڑھتے ہوئے مسائل پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق، پولیس فورس میں جرائم پیشہ عناصر سے نمٹنے، سخت ڈیوٹی شیڈول، انتظامی، معاشی، سماجی اور سیاسی معاملات کے سبب افسران و جوان مسلسل دباؤ میں رہتے ہیں، جس سے ذہنی مسائل جیسے شیزوفرینیا، ڈپریشن، بائی پولر ڈس آرڈر اور دیگر امراض کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔اس لیے، تمام اضلاع اور یونٹس میں منظم اور مکمل اسکریننگ لازمی قرار دی گئی ہے، جس میں کانسٹیبل سے لے کر اعلیٰ افسران تک ہر رینک کا شامل ہونا ضروری ہے۔
ان اسکریننگ کا شیڈول جاری کیا گیا ہے اور یہ سینئر افسران کی نگرانی میں ہوگی۔مزید برآں، ہر انچارج اپنے عملے کا انفرادی انٹرویو کرکے ان کی صحت کا جائزہ لیں گے اور مشتبہ کیسز کی مزید تشخیص کے لیے ضلعی ہسپتال کے سائیکاٹرسٹ سے رابطہ کیا جائے گا۔مراسلے میں ہدایت دی گئی ہے کہ تمام اضلاع سے حاصل شدہ اسکریننگ رپورٹس 15 دسمبر تک مرکزی پولیس آفس، پنجاب کو فراہم کی جائیں۔