سعودی عرب نے 1 نومبر سے ادویات کے ساتھ لانے اور لے جانے کے لیے نئے قواعد و ضوابط کا نفاذ کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، مملکت میں داخلے یا روانگی سے قبل مخصوص نسخے والی دواؤں کی پیشگی رجسٹریشن ضروری ہوگی۔ یہ قانون خاص طور پر درد، ذہنی دباؤ، اے ڈی ایچ ڈی جیسی بیماریوں کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی ادویات پر لاگو ہوگا۔نئے قواعد کے مطابق، مسافروں کو دواؤں کے لیے آن لائن کلیئرنس حاصل کرنا ہوگی، جس کے لیے درخواستیں کنٹرولڈ ڈرگ سسٹم کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد دواؤں کے محفوظ استعمال کو یقینی بنانا اور غیرقانونی ترسیل کو روکنا ہے۔
سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے دنیا بھر کی ایئرلائنز کے لیے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ مسافروں کو نشہ آور یا سائیکو ٹراپک ادویات کو پہلے سے سعودی ڈرگ کنٹرول سسٹم پر رجسٹرڈ کروانا ہوگا۔ سائیکو ٹراپک ادویات کو سعودی وزارت صحت کے لنک cds.fada.gov.sa پر لازمی رجسٹرڈ کروانا ہوگا اور ادویات سے متعلق کلیئرنس حاصل کرنا لازمی ہے۔ایوی ایشن حکام کے مطابق، اگر یہ قواعد کی خلاف ورزی کی گئی تو مسافروں اور ایئر لائنز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ تمام ایئرلائنز کو 1 نومبر سے نئے ہدایات کے مطابق عمل درآمد کے لیے ایک سرکلر جاری کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ادویات کی غیر قانونی ترسیل اور غیر مجاز استعمال سے بچاؤ ہے۔