سابق NFL اسٹار ڈگ مارٹن پولیس کی حراست میں انتقال کر گئے

سابق NFL اسٹار ڈگ مارٹن پولیس کی حراست میں انتقال کر گئے

ویب ڈیسک: نیشنل فٹبال لیگ (NFL) کے سابق اسٹار اور معروف رننگ بیکس، ڈگ مارٹن، پولیس کی حراست کے دوران انتقال کر گئے۔

 پولیس کے مطابق، مارٹن کی موت اس وقت ہوئی جب وہ مبینہ چوری کی واردات کے سلسلے میں ایک گھر میں گرفتار کیے گئے تھے۔اوکلینڈ پولیس کے بیان کے مطابق واقعہ گزشتہ ہفتہ کی صبح پیش آیا، جب پولیس نے ایک گھر میں توڑ پھوڑ کی اطلاع پر کارروائی کی۔ دورانِ گرفتاری، مارٹن اور پولیس کے درمیان مختصر جھڑپ ہوئی، جس کے بعد وہ بے ہوش ہو گئے۔ پولیس نے اطلاع دی کہ فوری طور پر مارٹن کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ ان کی عمر 36 سال تھی۔پولیس نے واقعے کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، مگر الامیڈا کاؤنٹی کورونر آفس نے بتایا ہے کہ موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

ڈگ مارٹن کا شاندار کیریئر
ڈگ مارٹن کا شمار NFL کے ممتاز رننگ بیکس میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا زیادہ تر حصہ ٹیمپا بے بوکینیئرز کے ساتھ گزارا، جہاں وہ آل پرو ٹیم میں شامل رہے۔ ان کے کھیل کی مہارت اور کارکردگی نے انہیں کھیل کی دنیا میں بہت مقبول بنایا۔ ان کی اچانک موت نے کھیلوں کی دنیا کو سوگوار کر دیا ہے، اور سابق کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ مداحوں نے بھی غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔