بجلی چوری کیخلاف کارروائی کے دوران شدید مزاحمت، گاؤںساڑھے 8 کروڑ روپے کا ڈیفالٹر
نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رہے گا، انجینئر رمضان
لاہور (آن لائن) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے نتھوکی گاؤں میں بجلی چوری اور واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف کارروائی کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایت پر ایس ای ایسٹرن سرکل اور ایکسین شالامار ڈویژن کو ہدایت کی گئی تھی کہ واجبات کی مکمل وصولی کے بعد ہی بجلی کی بحالی ممکن بنائی جائے۔ ایس ڈی او باٹاپور سب ڈویژن نے ڈسکو سپورٹ یونٹ کے ہمراہ نتھوکی گاؤں میں کارروائی کی۔ یہ گاؤں لیسکو کا تقریباً 8 کروڑ 50 لاکھ روپے کا رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹر ہے جبکہ علاقے میں نصب اسکیننگ میٹرز پر 60 فیصد سے زائد نقصان رپورٹ کیا گیا ہے۔ متعدد مرتبہ کھلی کچہریوں اور آگاہی مہمات کے باوجود علاقہ مکین نہ تو اپنے واجبات ادا کر رہے ہیں اور نہ ہی بجلی چوری سے باز آ رہے ہیں۔ اتھارٹی کے احکامات کے تحت نتھوکی گاؤں کی ایک ایچ ٹی اسپین اتار دی گئی۔ کارروائی کے دوران گاؤں کے متعدد افراد ڈنڈے اور سوٹے لے کر موقع پر پہنچے، لیسکو ٹیم پر حملہ کر دیا، مار پیٹ کی، اتاری گئی تاریں چھین لیں اور سرکاری گاڑیوں کے ٹائر کلہاڑیوں سے پھاڑ دئیے۔ اسی رات تقریباً 1:05 بجے صحافی کالونی کا 11 کے وی فیڈر ڈید شارٹ ہو گیا۔ جب صحافی کالونی سب ڈویژن کے اسٹاف نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ نتھوکی گاؤں کے مرکزی بازار میں فیڈر پر سنگل ڈال کر جان بوجھ کر ڈید شارٹ کیا گیا تھا۔ موقع پر پہنچنے والی لیسکو ٹیم پر علاقہ مکینوں نے دوبارہ حملہ کیا اور عملے کو یرغمال بنانے کی کوشش کی۔ مشتعل افراد نے دھمکی دی کہ جب تک نتھوکی گاؤں کی بجلی بحال نہیں کی جاتی، کوئی بھی یہاں سے نہیں جا سکتا! پولیس اور رینجرز کی نفری موقع پر پہنچنے کے بعد لیسکو ٹیم کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ واقعے کے بعد ملوث افراد کے خلاف دہشت گردی، کارِ سرکار میں مداخلت اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لیسکو عملہ عوامی خدمت کے جذبے سے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔ کسی کو بھی سرکاری امور میں مداخلت یا عملے پر حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رہے گا۔