اقوام متحدہ کی تمام ممالک سے ایمرجنسی وارننگ سسٹمز قائم کرنے کی اپیل
نیویارک (آئی این پی اقوام متحدہ نے دنیا بھر کو انتباہ جاری کرتے ہوئے تمام ممالک سے ایمرجنسی وارننگ سسٹمز قائم کرنے کی اپیل کر دی۔ غیرملکی خبرساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ نے دنیا بھر کیلئے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر تباہ کن موسم کی شدت خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، گزشتہ نصف صدی میں موسم اور پانی سے جڑے خطرات کے باعث 20 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ان میں 90 فیصد کا تعلق ترقی پذیر ممالک سے ہے۔ اقوام متحدہ نے تمام ممالک سے عالمی سطح پر ایمرجنسی وارننگ سسٹمز کے قیام کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے نصف ممالک میں شدید موسم کی پیشگی وارننگ کا نظام موجود نہیں جب کہ ترقی پذیر ممالک میں کروڑوں افراد خطرناک موسمی حالات کے باعث غیر محفوظ ہیں۔ ترجمان یو این او کا مزید کہنا ہے کہ شدید موسم کے واقعات بڑھنے سے اثرات قابو سے باہر ہو رہے ہیں اور بغیر وارننگ سسٹم والے ممالک میں قدرتی آفات سے اموات 6 گنا زیادہ ہیں