پاکستان کو اللہ تعالی نے وسائل سے نوازا ہے ، ڈیجیٹل والٹس ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ تھا، نوجوان ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں: نیشنل سیمی کنڈکٹر پروگرام کے اجراء کے موقع پر گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں سیمی کنڈکٹر کے حوالے سے بیانیے کی جنگ جاری ہے، پاکستان کو سیمی کنڈکٹرز کے میدان میں اللہ تعالی نے وسائل سے نوازا ہے۔وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت پاکستان کے پہلے نیشنل سیمی کنڈکٹر پروگرام کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور قوم کو اس سے آگاہ کریں۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیمی کنڈکٹر پروگرام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، سیمی کنڈکٹر پروگرام کا آغاز تاریخی اقدام ہے، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سے منصوبے کیلئے 4.5 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت نے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت متعدد منصوبے شروع کیے ہیں، ایف بی آر ڈیجیٹائزیشن، کیش لیس اکانومی، ڈیجیٹل والٹس اہم منصوبوں میں شامل ہیں، رمضان میں 20 ارب روپے مستحقین کو براہ راست ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے منتقل کئے ۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل والٹس ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ تھا، پاکستان کے نوجوان ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں، آئی ٹی، اے آئی اور اب سیمی کنڈکٹر جیسے شعبوں میں نوجوانوں کی تربیت ناگزیر ہے، سیمی کنڈکٹر، اے آئی پر عبور حاصل کرنے والی قومیں ہی دنیا کے مستقبل پر حکمرانی کریں گی۔