دونوں ممالک دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیں: وزارتِ خارجہ
ماسکو (آئی این پی )روس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان قطر اور ترکی کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔ترک خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم پاک افغان سرحد پر جنگ بندی کے اس معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں جو دوحہ اور انقرہ کے حکام کی ثالثی سے کابل اور اسلام آباد کے درمیان طے پایا۔ماریا زاخارووا نے کہا کہ اسلام آباد اور کابل کا بات چیت کے ذریعے اپنے اختلافات حل کرنے کا عزم دونوں ممالک کے درمیان امن برقرار رکھنے کی بنیاد فراہم کرتا ہے، جو روس کے دوست ہیں، اور یہ علاقائی سلامتی کو یقینی بنانے میں ایک اہم عنصر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم کابل اور اسلام آباد سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ خصوصا دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیں۔