پشاور،سائبر کرائم میں ملوث ملزم گرفتار ، پی ٹی آئی کارکنوں کا تھانے پر دھاوا، ملزم کو چھڑوا لیا

پشاور (خصوصی رپورٹ)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے تھانہ ہشتنگری پولیس کی مدد سے جمعہ کو کارروائی کرتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی میں درج مقدمے میں نامزد ملزم کو گرفتار کر لیاتاہم گرفتاری کے فوراً بعد پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں اور وکلا نے تھانے پر دھاوا بول کر ملزم کو پولیس کی حراست سے چھڑا لیا۔ ایف آئی اے پشاور تر جمان کے مطابق ملزم کو چھڑانے کے لیے پی ٹی آئی کی مقامی قیادت، جن میں اراکین صوبائی اور قومی اسمبلی بھی شامل تھے، بڑی تعداد میں تھانے پہنچی اور پولیس پر دبائو ڈالنے کی کوشش کی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایف آئی اے نے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے جوائنٹ سیکرٹری شاہ فیصل کو سوشل میڈیا پر جعلی، گمراہ کن اور ریاست مخالف مواد شیئر کرنے کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔