فیصل آباد (خصوصی رپورٹ) مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زیرِ حراست ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اے ایس آئی غلام عباس دیگر ملازمین کے ہمراہ ڈکیتی کے مقدمے میں گرفتار ملزم نور ولد نواز کو برآمدگی کے بعد واپس لا رہے تھے کہ اعوان والی پلی جانب کھڈیاں وڑائچاں کے قریب 4 نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سوار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی اور ملزم کو چھڑوا کر فرار ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر ملزمان کا تعاقب کیا اور انہیں گھیر لیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم نور اپنے ہی ساتھیوں کی گولی سے زخمی ہوگیا، جسے دوبارہ گرفتار کر لیا گیا جبکہ حملہ آور ملزمان فرار ہوگئے۔ زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔