ٹماٹر، چینی سمیت 16اشیا مہنگی، 13سستی ،ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 0.07 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد سالانہ مجموعی مہنگائی کی شرح 3.53 فیصد تک پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 16 ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جن میں ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 57.03 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق لہسن اور چینی کی قیمتیں بالترتیب 2.61 اور 2.23 فیصد بڑھ گئیں جب کہ کیلے اور چائے کی قیمتوں میں بھی بالترتیب 0.72 اور 0.59 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی دوران بیف، کوکنگ آئل، ایل پی جی اور جلانے والی لکڑی کی قیمتیں بھی بڑھیں جس سے عام صارفین پر اضافی بوجھ پڑا ۔ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم ہوئیں اور 22 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ پیاز کی قیمت میں 12.38 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جب کہ چکن کی قیمت 8.08 فیصد کم ہوئی۔ آلو، آٹا، انڈے، دال مونگ اور دال چنا کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔