لیہ: نومولود کو 8 لاکھ میں فروخت کرنے کا انکشاف، باپ سمیت 5 گرفتار

لیہ: نومولود کو 8 لاکھ میں فروخت کرنے کا انکشاف، باپ سمیت 5 گرفتار

کروڑ لعل عیسن میں ایک سال قبل مبینہ طور پر نومولود بچے کو فروخت کرنے کے مقدمے میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔

بچے کی ماں کی مدعیت میں بچے کے باپ سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ بچہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق خاتون نے ایک سال بعد حقیقت سامنے آنے پر مقدمہ درج کرایا۔ خاتون کا الزام ہے کہ اس کے شوہر نے اپنی بہن، ایک اسپتال کی ملازمہ اور ایک ڈاکٹر کے ساتھ مبینہ طور پر ملی بھگت کر کے نومولود بچے کو 8 لاکھ روپے میں فروخت کر دیا تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچے کے باپ اور دیگر تینوں ملزمان نے بچے کی پیدائش کے فوراً بعد اسے خریدار کے حوالے کر دیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو اب بازیاب کرا کے حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ مقدمہ دفعہ 363، 370 اور متعلقہ قانونی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، اور حقائق سامنے لانے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔