دومیل ہلالی چوک میں دہشت گردوں کی جانب سے سی ٹی ڈی کی اے پی سی پر فائرنگ کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا، کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 شہری جاں بحق ہوئے۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے اچانک اے پی سی کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی۔ سی ٹی ڈی اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کے دوران دہشت گرد قریبی گھر میں گھس گئے اور پناہ لینے کی کوشش کی۔ذرائع کے مطابق گھر والوں نے دہشت گردوں کو پناہ دینے سے انکار کیا جس پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل کر دیا۔ اس کے بعد پولیس اور سی ٹی ڈی نے گھر کا گھیراؤ کر لیا اور مقابلہ کئی منٹ تک جاری رہا۔
آپریشن کے اختتام پر پانچ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد کیے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت اور ساتھیوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ حملہ سی ٹی ڈی اہلکاروں کی حاضر دماغی اور بروقت جوابی کارروائی کے باعث ناکام بنایا گیا، ورنہ جانی نقصان مزید بڑھ سکتا تھا۔