کوئٹہ :سابق کمشنر کی بیٹی کا فضائی میزبان پر تشدد، دانٹ توڑ دیا

 اے ایس ایف نے باپ بیٹی کو حراست میں لے لیا ،معافی نامے کے بعد جانے کی اجازت دیدی گئی 
 کوئٹہ (آئی این پی )سابق کمشنر کوئٹہ افتخار جوگیزئی کی بیٹی کی جانب سے نجی ائیرلائن کی ائیر ہوسٹس کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے اسکا دانت ٹوٹ گیا۔ تفصیل کے مطابق واقعہ 18مارچ کو کوئٹہ سے اسلام آباد جانے والی سیرین ایئر کی فلائٹ میں پیش آیا جس میں سابق کمشنر کوئٹہ افتخار جوگیزئی بیٹی صائمہ کے ساتھ سفر کررہے تھے اور دونوں نے کوئٹہ ائیر پورٹ پر چیک ان کرتے وقت بھی عملے سے بدتمیزی کی۔طیارے میں داخل ہونے کے بعد خاتون فضائی میزبان نے صائمہ جوگیزئی سے سیٹ بیلٹ باندھنے اور کھانے کی میز بند کرنے کو کہا تو اس پر سابق کمشنر کی بیٹی آپے سے باہر ہوگئی۔مبینہ طور پر سابق کمشنر افتخار جوگیزئی اور ان کی بیٹی صائمہ نے غیرشائستہ زبان استعمال کی اور طیارے میں شورشرابہ شروع کردیا۔فضائی میزبان نے کپتان کو معاملے سے آگاہ کیا اور باپ بیٹی کی جانب سے ہنگامہ آرائی جاری رکھنے پر کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور طیارے کو رن وے سے واپس لے آیا جب کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ائیرپورٹ سکیورٹی فورس کو طیارے میں فوری طور پر طلب کرلیا گیا۔مسلسل ہنگامہ آرائی پر طیارے کے کپتان نے مسافروں کے تحفظ کی خاطر باپ اور بیٹی کو آف لوڈ کرنے کے لیے کہا جس پر صائمہ جوگیزئی نے طیارے سے اترنے سے انکار کردیا۔ ائیر لائن انتظامیہ کے مطابق اس موقع پرصائمہ جوگیزئی نے غصے میں ایک فضائی میزبان کو مکہ دے مارا جس سے خاتون فضائی میزبان کی ناک سے خون نکلنے لگا اور ایک دانت بھی ٹوٹ گیا جس کے بعد اے ایس ایف نے دونوں باپ بیٹی کو حراست میں لے لیا۔ائیر لائن انتظامیہ کا بتانا ہے کہ واقعے کے بعد بلوچستان انتظامیہ نے معاملہ ختم کرنے کیلئے دبائو ڈالا، کمشنر کوئٹہ فوری طور پر کوئٹہ ائیرپورٹ پہنچے، اے ایس ایف سے صورتحال معلوم کی اور معاملہ رفع دفع کرنے کا کہا جب کہ بعد میں کمشنر کوئٹہ کی جانب سے باپ بیٹی سے تحریری معافی نامہ لکھوایا گیا۔معافی نامے کے بعد دونوں باپ بیٹی کو بغیر کسی قانونی کارروائی کے جانے کی اجازت دے دی گئی جب کہ زخمی ائیر ہوسٹس کو ہسپتال روانہ کر دیا گیا۔ائیر لائن ذرائع کا بتانا ہے کہ طیارے میں ہنگامہ آرائی کرنے والی خاتون مبینہ طور پر نشے میں تھی۔