وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کو نوٹس جاری‘دونوں وفاقی وزراء سے وضاحت طلب کرلی گئی
لاہور(آئی این پی ) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری پر الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا جبکہ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر فیصل آباد نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو مراسلہ ارسال کردیا جس میں کہا گیا کہ طلال چودھری کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے، انہیں فون پر آگاہ کیا گیا کہ وہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔دوسری طرف ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر ڈی جی خان نے این اے 185 میں امیدوار محمود لغاری کی الیکشن مہم میں شرکت پر وفاقی وزیر اویس لغاری کو نوٹس جاری کردیا۔ترجمان الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا ہے دونوں کو 21 نومبر کو وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، کسی وزیر یا مشیر کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں ہے۔