پرامن احتجاج جاری رہے گا‘عوام گھروں سے نکلیں‘موجودہ نظام کو چیلنج کریں تحریک تحفظ آئین پاکستان

ٓٓآئی ایم ایف نے موجودہ حکومت کو چوروں کی حکومت قرار دیا ہے ‘ یہ حکومت 5 ہزار ارب روپے کی کرپشن میں ملوث ہے:محمودخان  اچکزئی
 ظلم کے خلاف آوازیں بند نہیں ہوں گی‘عوامی طاقت  سے  حق حاصل کیا جائیگاراجہ ناصر عباس‘ پرامن مزاحمت جاری رہے گی:سلمان اکرم راجہ
اسلام آباد( آن لائن ) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں نے  اعلان کیا ہے کہ وہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی  اور ظلم و جبر کے خاتمے  کے لیے اپنی  پر امن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی، مصطفیٰ نواز کھوکھر، علامہ راجہ ناصر عباس اور سلمان اکرم راجہ نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر سخت مؤقف اختیار کیا۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ وہ ان تمام افراد کے شکرگزار ہیں جو تحریک میں شامل ہوئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ "آئی ایم ایف نے موجودہ حکومت کو چوروں کی حکومت قرار دیا ہے اور یہ حکومت 5 ہزار ارب روپے کی کرپشن میں ملوث ہے۔" ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عدلیہ کی مدد سے اقتدار حاصل کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی  وہ ملک میں آئین اور قانون کی حفاظت کے لیے نکلیں اور ہر شہر میں احتجاج جاری رکھیں۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا  "ہمیں موجودہ آئین اور دستور قبول نہیں، اور عوامی پٹیشن کے ذریعے اسے رد کیا جائے گا۔" انہوں نے سیاسی قیدیوں کی رہائی، عدلیہ اور میڈیا کی بحالی اور ملک میں جبر کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ظلم کے خلاف آوازیں بند نہیں ہوں گی اور عوامی طاقت کے ذریعے اپنا حق حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ استثنیٰ قوانین اور خوف کی فضاء￿  عوام کو دبانے کا ذریعہ ہیں، جسے وہ ہر صورت مسترد کرتے ہیں۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ "اب وقت عمل کا ہے، عوام کو گھروں سے نکل کر سڑکوں پر کھڑا ہونا ہوگا اور اس نظام کو بتانا ہوگا کہ ہم اس سے بیزار ہیں۔" انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ نظام نے عوام کے ووٹ چوری کیے ہیں اور میڈیا پر پابندیوں کے ذریعے ظلم روا رکھا گیا ہے۔رہنماؤں نے یہ بھی کہا کہ حق کی جیت اور باطل کی شکست  یقینی ہے اور ظلم کے خلاف پرامن مزاحمت جاری رہے گی۔