ویب ڈیسک:وزیراعظم شہباز شریف نے تونسہ میں کچھی کینال کی بحالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مالی، اقتصادی اور ڈپلومیٹک معاونت کی، اور اس کے بدلے کبھی کچھ نہیں مانگا۔
وزیراعظم نے گزشتہ روز سعودی عرب کے حوالے سے سامنے آنے والے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ "سعودی عرب سے اس بڑی دشمنی نہیں ہو سکتی۔" انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے ہر حکومت کے دوران پاکستان کی غیر مشروط مدد کی ہے اور اس پر پروپیگنڈا کرنے والوں کو قوم کا جواب ملے گا۔شہباز شریف نے اس موقع پر کچھی کینال کی بحالی کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں اس منصوبے کا بیڑہ غرق کیا گیا تھا، جب کہ ن لیگ کی حکومت کے دور میں 2018 میں اس کینال کو مکمل کیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ 2022ء میں سیلاب کے نتیجے میں اس کینال کو مزید نقصان پہنچا تھا، جس کی بحالی کے لیے چیئرمین واپڈا اور احسن اقبال نے اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کچھی کینال کے دوسرے مرحلے کی تکمیل ایک چیلنج ہے جس کے ذریعے ڈیرہ بگٹی اور دیگر بنجر علاقوں میں زمین کو آباد کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کا برادر ملک ہے جس کی مدد کی تعریف کی جائے تو کم ہے۔