ویب ڈیسک:پاکستان میں گزشتہ ہفتے کے دوران روزمرہ استعمال کی 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام اور 17 اشیاء کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا۔
پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق، 21 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 0.67 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر 4.92 فیصد کا اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق، گزشتہ ہفتے چکن کی قیمت میں 2.97 فیصد، دال چنا میں 1.70 فیصد، ایل پی جی میں 0.80 فیصد، دال مسور میں 0.62 فیصد، ٹوٹا باسمتی چاول میں 0.40 فیصد، چینی میں 0.27 فیصد، آٹا میں 0.25 فیصد، دال ماش میں 0.23 فیصد اور اری چاول کی قیمت میں 0.22 فیصد کمی آئی۔
اس کے برعکس، بعض اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ بھی دیکھنے کو ملا۔ لیڈیز سینڈل کی قیمت میں 55.62 فیصد، ٹماٹر میں 20.72 فیصد، آلو میں 3.81 فیصد، لہسن میں 3.42 فیصد، انڈے میں 3.16 فیصد، ایک کلو بناسپتی گھی میں 2.30 فیصد، ڈھائی کلو بناسپتی گھی میں 1.73 فیصد، سرسوں کے تیل میں 1.28 فیصد اور پیاز کی قیمت میں 0.98 فیصد کا اضافہ ہوا۔پاکستان میں قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے تاکہ صارفین کے لیے مہنگائی کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔