اسلام آباد:حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ مہنگائی کی شرح میں مسلسل دوسرے ہفتے کمی آئی ہے، لیکن اسی دوران 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کی رفتار 0.15 فیصد کم ہوئی ہے، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح منفی 1.26 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق، ایک ہفتے میں 10 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی اور 31 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ان اشیاء میں سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں 9.62 فیصد، ایل پی جی کی قیمت میں 1.17 فیصد اور گڑ کی قیمت میں 0.51 فیصد ہوا۔ اسی طرح ویجی ٹیبل گھی، دال ماش اور دال مسور کی قیمتوں میں بھی معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا۔دوسری طرف، آلو، پیاز، لہسن، انڈے، دال چنا، چکن، چینی اور کیلے کی قیمتوں میں کمی آئی۔ ان قیمتوں میں کمی کی سب سے بڑی شرح پیاز میں 4.68 فیصد اور کیلے میں 4.27 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے مطابق، مختلف آمدنی رکھنے والے طبقوں کے لیے مہنگائی میں کمی آئی۔ 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے میں مہنگائی کی شرح منفی 1.77 فیصد رہی، جبکہ 44 ہزار 176 روپے سے زائد ماہانہ آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں کمی 0.59 فیصد ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق، حکومتی اقدامات اور عالمی مارکیٹ کے اثرات کے ساتھ مہنگائی کی سطح میں اتار چڑھاؤ جاری ہے، تاہم ابھی تک کم آمدنی والے طبقے کے لیے بہتر نتائج سامنے نہیں آ سکے ہیں۔