اسلام آباد:حکومت کی جانب سے مہنگائی میں کمی کے دعوے جاری ہیں، لیکن ہر ہفتے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ بھی سامنے آ رہا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق، گزشتہ ہفتے مہنگائی میں 0.09 فیصد کمی ہوئی جبکہ سالانہ شرح منفی 0.87 فیصد ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق، ایک ہفتے میں 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئی جبکہ 13 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ کیلے، چینی، انڈے، مٹن، بیف، گندم کا آٹا، چاول اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ چائے، لہسن، ٹماٹر، دال چنا، ماش، آلو اور پیاز کی قیمتوں میں کمی آئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے کیلے 10 فیصد، چینی 3.15 فیصد، انڈے 2.52 فیصد مہنگے ہوئے۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 83 روپے 25 پیسے تک مہنگا ہوا۔ پیاز 5.59 فیصد، چائے 4.47 فیصد، لہسن 3.89 فیصد اور ٹماٹر 3.60 فیصد سستے ہوئے۔