تفریحی مقامات8بجے تک کھلے رہیں گے،ہر قسم کے فیسٹیول، سپورٹس کی بھی اجازت ،لاہور پھر دنیاکا آلودہ ترین شہر
لاہور(کرائم رپورٹر)سموگ میں کمی پر پابندیوں میں نرمی، پنجاب بھر کے تفریحی مقامات کو کھول دیا گیا جبکہ لاہور چند روز بعد ایک مرتبہ پھر دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا ، نئی دہلی دوسرے نمبر پر چلا گیا۔ سموگ کی شدت میں کمی پر پابندیوں میں نرمی کرکیپنجاب میں تفریحی مقامات کوآج جمعہ سے کھول دیا گیا۔ڈی جی ماحولیات ڈاکٹر عمران حامد نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جسکے مطابق پارکس، چڑیا گھر، پلے گرائونڈز، آئوٹ ڈور سپورٹس کی اجازت دیدی گئی۔ تفریحی مقامات کو رات8بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی ،ہر قسم کے فیسٹیول، نمائش کی بھی اجازت دیدی گئی۔لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ میں مارکیٹس رات 8 بجے بند ہونگی ہفتہ اور اتوار کو بھی مارکیٹس 8 بجے بند ہونگی ٓ۔ فارمیسیز، تندور، ڈیپارٹمنٹل و گروسری سٹورز سمیت بنیادی ضرورت کی اشیا کی دکانیں کھلی رہیں گی ، بیکریوں کو بھی 8 بجے کے بعد کام کی اجازت دی گئی ہے۔دوسری جانب چند روز سیلاہور میں آلودگی کی شرح مسلسل کم ریکارڈ کی جارہی تھی بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں آلودگی میں اضافہ ہورہا تھا۔ ہوا کا رخ تبدیل ہونے سے لاہور میں ایک مرتبہ پھر سموگ کی شدت میں اضافہ ہو گیا ،گذشتہ روز اوسط ائیرکوالٹی انڈیکس 356 تک جا پہنچا۔ آلودگی کی سب سے زیادہ شرح ڈیفنس فیز 8 میں ریکارڈ کی گئی جو 644 رہی۔ کینٹ 611،گلبرگ 507 اور شملہ پہاڑی پر اے کیو آئی 487 رہا۔نئی دہلی کا اوسط اے کیو آئی 339ہوگیا۔ ماہر ماحولیات نسیم الرحمن کے مطابق اِس صورتحال کے پیدا ہونے میں ہوا کا رخ سب سے زیادہ اہم کردار ادا کررہا ہے۔ آئندہ چند روز تک یہی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہوائوں نے ایک بار پھر لاہور کا رخ کر لیا ہے ، شہری سموگ سے بچائو کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ماسک لازمی پہنیں ،پنجاب بھر میں کارروائیاں تیزکردی گئی ہیں، محکمہ تحفظ ماحول نے چھاپوں کے دوران نجی کالج سمیت متعددتعلیمی اداروں کو نوٹسز جاری کر دیئے ،لاہور کے انٹری پوائنٹس پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ سختی سے بند کر دیا گیا ہے ، اینٹی سموگ سکواڈز 24 گھنٹے لکھوڈیر،شاہدرہ،ملتان روڈ،ٹھوکر نیاز بیگ ،گجومتہ ،سگیاں اور بادامی باغ کے داخلی راستوں پرناکے لگا کر نگرانی کررہے ہیں،ابتک 134 ہیوی وہیکلز کا داخلہ روکا جا چکا ہے۔ سموگ رولز کی خلاف ورزی پرڈی جی خان 2 ،لودھراں 2،جھنگ 3 ،وہاڑی 3اور ملتان میں 1 نان زگ زیگ بھٹوں کو گرا دیاگیا، ایمشن کنٹرول سسٹم نصب نہ کرنے پروہاڑی میں 1فیکٹری مسمارکر دی گئی ،لاہور میں 12اور باقی اضلاع میں 10 صنعتی یونٹس سیل جبکہ 3فیکٹریوں کیخلاف ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ ای پی اے نے لاہور میں 363 مٹی و ریت کی ٹرالیوں کامعائنہ کیا ،دھواں دیتی 1426 گاڑیوں اور92 ترپال کے بغیرریت کی ٹرالیوں کیخلاف ایکشن لیا جبکہ 120گاڑیاں بند کردی گئیں۔ لاک ڈائون ایریا میں کمرشل جنریٹرز کامعائنہ اور پانی کا چھڑکائو جاری ہے۔