لاہور ،ملتان کے سوا تمام شہروں تعلیمی ادارے کھل گئے، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار میں اضافہ کردیاگیا
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہورسمیت پنجاب بھر میں سموگ کی شدت کم ہونے پر ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار میں ردو بدل کر دیا گیاجبکہ لاہور اور ملتان کے علاوہ تما م ڈویڑنز میں بند تعلیمی ادارے بھی کھول دئیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سموگ کی شدت میں کمی کے بعد حکومت نے بند کئے گئے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا گیا تاہم لاہور اور ملتان ڈویڑن میں یہ پابندی برقراررہے گی ،اس حوالے سے محکمہ سکول ایجوکیشن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ،جس میں نئے ایس او پیز پرعملدرآمد کرنے کا بھی کہاگیاہے۔ایس اوپیز کے تحت پونے نو سے پہلے کوئی بھی سکول نہیں کھلے گا ،اساتذہ اور طلبہ کا ماسک پہنا لازمی ہوگا،سکولوں میں آوٓٹ ڈور ایکٹیویٹیز پر پابندی ہوگی،ایجوکیشن اتھارٹیز کلاسز کے اعتبار سے چھٹی کے اوقات جاری کریں گے ،ایس اوپیز کا اطلاق تمام نجی و سرکاری سکولوں پر ہوگا۔ دوسری طرف تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آٹ لیٹس کو رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دے دی گئی، محکمہ ماحولیات نے اوقات کار تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں ڈائن اِن، پارکنگ میں کھانے اور ٹیک اوے کی سہولت رات 10 بجے تک دستیاب ہوگی، ہوم ڈلیوری خدمات پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب نیایک بیان میں کہا ہے کہ مشرقی ہواوٓں کے رخ اور رفتار میں تبدیلی سے پنجاب میں سموگ کی صورت حال بہتر ہو گئی ہے، وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر لاہور اور ملتان ڈویڑن کے سوا تمام اضلاع میں تعلیمی اداریآج سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سکول انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی ذمہ دار ہو گی،انسانی زندگیوں کو نقصان سے بچانے کے لئے مشکل فیصلے کئے گئے۔ سموگ کی صورتحال میں بہتری کے باوجود لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ نئی دہلی کا پہلانمبر رہا ،رحیم یار خان 669 ائیر پارٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ پنجاب کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ، بہاولپور 443 ائیر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ دوسرے اور لاہور 402 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ شمالی علاقوں سے آنے والی تیز اور سرد ہواوٓں نے پنجاب کی گرد آلود فضا کو صاف کردیا، جس سے سموگ میں مزید کمی آنے کا امکان ہے۔عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ اے کیو آئی کی رپورٹ کے مطابق لاہور شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس369ریکارڈ کیا گیا ہے۔اے کیو آئی کا کہنا ہے کہ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے سے دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔