پشاور:بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے سعودی عرب سے متعلق بشریٰ بی بی کے حالیہ متنازع بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا پر بشریٰ بی بی کے حوالے سے سیاق و سباق سے ہٹ کر بیانات چلائے جا رہے ہیں تاکہ احتجاج سے توجہ ہٹائی جا سکے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ بشریٰ بی بی نے نہ تو سعودی عرب اور نہ ہی محمد بن سلمان پر کوئی الزام عائد کیا ہے اور نہ ہی یہ کہا کہ جنرل باجوہ نے سعودی عرب یا محمد بن سلمان سے شریعت کے بارے میں بات کی۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ محمد بن سلمان اور عمران خان کے درمیان مثالی تعلقات ہیں، جنہیں جعلی حکومت نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ حکومت عمران خان کی مخالفت میں سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کو نقصان پہنچا رہی ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کو بھی نقصان ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پر احتجاج کا شدید خوف طاری ہے اور وہ اس خوف سے بچنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے بے بنیاد پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں اور احتجاج کی تیاری کریں۔