احتجاج کسی صورت موخر نہیں ہوگا، پوری قوم سڑکوں پر آئے(بانی پی ٹی آئی)

علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر گوہر کے ذریعے آفر آئی  احتجاج ملتوی کر دیں سب ٹھیک ہو جائے گا ‘میں نے گرفتار افراد کی رہائی کا مطالبہ کر رکھا تھا تاکہ مذاکرات کی سنجیدگی کا پتہ چل جائے
حکومت کی نیت کا پتہ چل چکا ‘ احتجاج بھی ہوگا مذاکرات بھی چلتے رہیں گے‘مذاکرات جن سے ہو رہے نام نہیں بتا سکتا لیکن مذاکرات میں سنجیدگی نہیں ہے :میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی (آن لائن)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے  ہمیں حکومت کی نیت کا پتہ چل چکا ہے احتجاج بھی ہوگا مذاکرات بھی چلتے رہیں گے ‘24 نومبر کا احتجاج 100  فیصد ہوگا ‘انڈرٹرائل لوگوںکی رہائی فوری ہو سکتی تھی مگریہ سنجیدہ نہیں، مذاکرات جن سے ہو رہے ہیں نام نہیں بتا سکتا لیکن جو مذاکرات ہو رہے ہیں ان میں سنجیدگی نہیں ہے ۔ اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا  علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر گوہر کے زریعے آفر آئی کہ احتجاج ملتوی کر دیں سب ٹھیک ہو جائے گا ‘میں نے خود سمیت انڈر ٹرائل لوگوں کی رہائی کا مطالبہ رکھا تھا تاکہ مذاکرات کی سنجیدگی کا پتہ چل جائے ‘یہ ڈیمانڈ وہ تھی جو فوری طور پر پوری ہو سکتی تھی جو انھوں نے نہیں کی ‘مذاکرات چلتے رہتے ہیں مگر یہ پتہ چل گیا کہ یہ سیریس نہیں تھے یہ صرف احتجاج ملتوی کرانا چاہتے تھے ‘ہائی کورٹ نے کل ضمانت منظور کی حکومت کے پاس سنہری موقع تھا کہ مجھے رہا کر دیتے ‘واضح ہو گیا کہ حکومت مجھے انگیج کر کے معاملے کو طول دینا چاہتی ہے ‘یہ بھی واضح ہو گیا کہ اصل طاقت جس کے پاس ہے اسی نے یہ سب کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ یہ بتانے کے لیے کیا گیا کہ وہ جو چاہیں کریں وہ قانون سے بالاتر ہیں ‘میں جیل میں ہوں اور مجھ پر کیسز پر کیسز بنائے جا رہے ہیں اسی کو بنانا ریپبلک کہتے ہیں ‘وکلا ججز مزدوروں سول سوسائٹی سب کو پیغام دے رہا ہوں  24 نومبر کو احتجاج کیلئے نکلیں