آج سے موبائل انٹرنیٹ سروس پر فائر وال ایکٹیو ہو گی‘ویڈیو اور آڈیو ان لوڈ نہیں ہوسکیں گی
موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ معطل کرنے سے متعلق غور نہیں کیا جارہا‘فیصلہ وزارت داخلہ کرے گی:پی ٹی اے
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کے احتجاج کے پیش نظر 23 نومبرسے انٹرنیٹ اور موبائل سروس جزوی معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔وزرات داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل کی جا سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق 22 نومبر سے موبائل انٹرنیٹ سروس پر فائر وال ایکٹیو کر دی جائے گی جس سے انٹرنیٹ کی رفتار سلو ہو جائے گی، سوشل میڈیا ایپس پر ویڈیوز اور آڈیو ڈان لوڈنگ نہیں ہو سکیں گی۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے وضاحت کی ہے پی ٹی آئی کے 24 نومبر کو اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں فی الحال موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ معطل کرنے سے متعلق غور نہیں کیا جارہا ‘ پی ٹی اے کے پاس فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں اور ملک بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کرنے کے لیے پی ٹی اے وزارت داخلہ کے احکامات کا پابند ہے۔