اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا شہزادہ رحیم الحسینی آغا خان کی گلگت آمد پر پرتپاک اور شایانِ شان استقبال کیا گیا، جہاں عوامی جوش و خروش دیدنی رہا۔
گلگت ایئرپورٹ پر نگراں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شہزادہ رحیم الحسینی آغا خان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، عمائدین اور اسماعیلی برادری کے افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔شہزادہ رحیم الحسینی آغا خان کی آمد کے موقع پر گلگت بلتستان بھر میں خوشی اور عقیدت کی فضا دیکھی گئی۔ شہر کے مختلف مقامات پر خیر مقدمی بینرز، استقبالی پوسٹرز اور خصوصی پیغامات آویزاں کیے گئے تھے۔
عوامی حلقوں، خصوصاً اسماعیلی کمیونٹی نے اپنے روحانی پیشوا کی آمد کو تاریخی اور یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے بھرپور مسرت کا اظہار کیا۔ مختلف علاقوں میں لوگوں نے خیرمقدمی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اس موقع کو کمیونٹی کے لیے اہم قرار دیا۔تقریب کے دوران سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ ایئرپورٹ اور اطراف کے علاقوں میں خصوصی انتظامات دیکھنے میں آئے۔