ویب ڈیسک: پوپ فرانسس 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، سینٹ میری میجر قبرستان میں تدفین کی جائے گی
عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ویٹی کن سٹی کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ پوپ فرانسس نے آج صبح طویل علالت کے بعد داعی اجل کو لبیک کہا۔پوپ فرانسس رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی سربراہ تھے، جنہوں نے 2013 میں پوپ بینیڈکٹ کے استعفے کے بعد پاپائیت کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ پوپ فرانسس اس سے قبل ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس کے آرچ بشپ کے طور پر خدمات انجام دے چکے تھے۔
رپورٹس کے مطابق پوپ فرانسس گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھے اور حالیہ عرصے میں ڈبل نمونیا کے باعث کئی دن ہسپتال میں زیر علاج بھی رہے۔ اگرچہ وہ کچھ روز قبل صحتیاب ہو کر ہسپتال سے ڈسچارج ہو چکے تھے اور ایسٹر کے موقع پر عوام سے ملاقاتیں بھی کی تھیں، تاہم وہ رواں سال ایسٹر پر اپنا روایتی خطاب نہیں کر سکے۔ویٹی کن کے مطابق پوپ فرانسس کی تدفین ان کی وصیت کے مطابق روم کے سینٹ میری میجر قبرستان میں کی جائے گی۔ یہ پہلا موقع ہو گا کہ ایک صدی بعد کسی پوپ کو ویٹی کن سٹی سے باہر دفنایا جائے گا۔
پوپ فرانسس کی زندگی پر ایک نظر:
پیدائش: 17 دسمبر 1936، بیونس آئرس
عہدہ: 1998ء میں آرچ بشپ آف بیونس آئرس
پاپائیت کا آغاز: 13 مارچ 2013
خصوصیت: پہلے لاطینی امریکی پوپ
پوپ فرانسس نے اپنے دور میں سماجی انصاف، بین المذاہب مکالمے اور مہاجرین کے حقوق جیسے موضوعات پر بھرپور انداز میں آواز بلند کی۔ ان کے انتقال سے دنیا ایک ہمدرد، فہم و فراست رکھنے والے مذہبی رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔