پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع بشمول ضم شدہ قبائلی علاقوں میں تعینات پاک فوج کے جوانوں نے آپریشن "بنیان مرصوص" کی عظیم اور تاریخی کامیابی پر یومِ تشکر انتہائی جوش و خروش سے منایا۔
یہ تقریبات "معرکہ حق" کے تحت منعقد کی گئیں، جس میں وطن عزیز کی سالمیت، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔دن کا آغاز پاک سرزمین کی سلامتی اور دیرپا امن کے لیے اجتماعی دعاؤں سے ہوا۔ تقریبات میں عوام الناس، قبائلی عمائدین، سول اور عسکری قیادت نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے وطن کی حفاظت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔شرکاء نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاک فوج نے عوام کے تعاون سے دشمن کی جارحیت کا دندان شکن جواب دے کر نئی تاریخ رقم کی ہے۔ شرکاء نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا اور عزم ظاہر کیا کہ وہ ہر محاذ پر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
یوم تشکر کے موقع پر مختلف مقامات پر کیمپ لگائے گئے، یادگار شہداء پر پھول چڑھائے گئے اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر علاقائی نوجوانوں نے ملی نغمے پیش کیے اور قومی پرچم تھامے جذبہ وطن پرستی کا مظاہرہ کیا۔واضح رہے کہ "آپریشن بنیان مرصوص" ملک دشمن عناصر کے خلاف ایک فیصلہ کن کارروائی تھی، جس میں افواجِ پاکستان نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ناکام بنایا۔