ایک دن میں 274 کوہ پیماؤں نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

ایک دن میں 274 کوہ پیماؤں نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

موسم سازگار ہونے کے ساتھ ہی دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر کوہ پیماؤں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں ایک ہی دن میں ریکارڈ تعداد میں کوہ پیماؤں نے کامیاب سمٹ حاصل کی ہے۔

نیپال میں واقع ماؤنٹ ایورسٹ ماؤنٹ ایورسٹ پر 21 مئی کو مجموعی طور پر 274 کوہ پیماؤں نے چوٹی سر کر کے ایک ہی دن میں کامیاب سمٹ کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 2019 میں 223 کوہ پیماؤں کے پاس تھا۔رپورٹس کے مطابق نیپال حکومت نے رواں سیزن میں تقریباً 500 کلائمبنگ پرمٹ جاری کیے، جس کے باعث دنیا کے بلند ترین اور خطرناک ترین حصے، یعنی 8 ہزار میٹر سے اوپر کے “ڈیتھ زون” میں غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ ماہرین کے مطابق اس صورتحال نے کوہ پیمائی کے دوران خطرات اور دباؤ میں اضافہ کر دیا ہے۔اسی دوران تجربہ کار شیرپا کوہ پیماؤں نے بھی نئے ریکارڈ قائم کیے۔

56 سالہ کیمی ریتا شیرپا نے 32ویں بار ایورسٹ سر کر کے اپنا ہی عالمی ریکارڈ بہتر بنایا، جبکہ 52 سالہ لکھپا شیرپا نے 11ویں بار کامیاب سمٹ حاصل کر کے خواتین کوہ پیماؤں میں نیا سنگِ میل عبور کیا۔مزید حیران کن واقعے میں روس سے تعلق رکھنے والے معذور کوہ پیما رستم نبیئیف نے، دونوں ٹانگوں سے محروم ہونے کے باوجود صرف ہاتھوں کی مدد سے ایورسٹ سر کر کے دنیا بھر میں توجہ حاصل کی۔ماہرین کے مطابق ایورسٹ پر بڑھتا ہوا رش جہاں انسانی حوصلے اور کامیابیوں کی مثال ہے، وہیں یہ ماحولیاتی، حفاظتی اور انتظامی چیلنجز کو بھی نمایاں کر رہا ہے۔