نیپال میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کی مہم کے دوران دو غیر ملکی کوہ پیما ہلاک ہو گئے۔
ہلاک ہونے والوں میں بھارت کے سبھراتا گھوش اور فلپائن کے فلپ دوم سانتیاگو شامل ہیں، دونوں کی عمر 45 برس تھی۔نیپالی حکام اور ٹریکنگ کمپنی سنوئی ہورائزن ٹریکس اینڈ ایکسپیڈیشن کے مطابق، سبھراتا گھوش نے کامیابی سے چوٹی سر کی، تاہم واپسی کے دوران ہیلری اسٹیپ نامی مقام پر ان کی حالت بگڑ گئی۔ رپورٹس کے مطابق وہ نیچے آنے سے انکار کر رہے تھے، اور اسی دوران ان کی موت واقع ہو گئی۔ہیلری اسٹیپ ‘ڈیتھ زون’ میں واقع ہے، جو 8،000 میٹر سے بلند وہ علاقہ ہے جہاں آکسیجن کی شدید قلت انسانی جسم کے لیے خطرناک ثابت ہوتی ہے۔ ان کی لاش کو بیس کیمپ تک لانے کی کوششیں جاری ہیں، جب کہ موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد معلوم ہو سکے گی۔
دوسری جانب فلپ دوم سانتیاگو مہم کے دوران جنوبی کول (South Col) پر دم توڑ گئے۔ نیپالی محکمہ سیاحت کے مطابق وہ چوٹی کی جانب بڑھتے ہوئے شدید تھکن کا شکار ہو گئے تھے اور خیمے میں آرام کرتے ہوئے چل بسے۔واضح رہے کہ رواں سیزن میں نیپال نے 459 غیر ملکی کوہ پیماؤں کو ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کے اجازت نامے جاری کیے ہیں۔ اب تک تقریباً 100 سے زائد کوہ پیما اور ان کے نیپالی گائیڈ کامیابی سے چوٹی سر کر چکے ہیں، تاہم شدید موسم اور آکسیجن کی کمی اکثر ان مہمات کو جان لیوا بنا دیتی ہے۔