غزہ فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت پر ماہرہ خان سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں

غزہ فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت پر ماہرہ خان سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو لندن میں غزہ کے متاثرین کے لیے منعقدہ ایک فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر ملے جلے ردِعمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

تقریب کا مقصد غزہ کے متاثرین کے لیے فنڈز جمع کرنا تھا، جس میں ماہرہ خان نے معروف پاکستانی ڈیزائنر ثانیہ مسکاتیا کا تیار کردہ لباس زیب تن کیا۔ تقریب کے دوران انہوں نے شرکا سے ملاقات کی، تصاویر بنوائیں اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کئی مداحوں نے ماہرہ خان کے انداز اور غزہ کے لیے فنڈ ریزنگ میں شرکت کو سراہا، تاہم بعض صارفین نے ان پر تنقید بھی کی۔

تنقید کرنے والوں نے ماضی میں اداکارہ کی جانب سے بعض بین الاقوامی برانڈز کے ساتھ کیے گئے اشتہاری معاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے مؤقف پر سوالات اٹھائے۔ کچھ صارفین نے یہ بھی سوال کیا کہ آیا تقریب کی توجہ واقعی غزہ کے لیے فنڈ ریزنگ پر تھی یا اس میں ماہرہ خان کی شخصیت اور کیریئر کو بھی نمایاں کیا گیا۔

دوسری جانب متعدد مداحوں نے اداکارہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے متاثرین کے لیے فنڈ ریزنگ میں شرکت ایک مثبت اقدام ہے اور اسے اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔