پولیس اہلکاروں کیلئے بہتر رویے اور کمیونٹی پولیسنگ پر لیکچر

ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر پولیس لائنز میں عوام دوست رویوں کی تربیت جاری
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ لاہور میں حکومت پنجاب کے ویڑن کے مطابق عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کی فضاء  قائم کرنے اور بہتر رویے کے فروغ کیلئے روزانہ کی بنیاد پر لیکچرز کا سلسلہ جاری ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران کی ہدایت پر منعقدہ خصوصی لیکچر میں ایس پی سول لائنز ڈویڑن چودھری اثر علی نے پولیس افسران اور جوانوں کو بہتر رویہ، کمیونٹی پولیسنگ اور عوامی خدمت کے حوالے سے آگاہی دی۔ایس پی سول لائنز چودھری اثر علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام سے خوش اخلاقی اور برداشت کے ساتھ پیش آنا پولیس فورس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ عوام سے بہتر رویہ اپنائیں، کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیں اور تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ معاشرتی ذمہ داری کو پروان چڑھانے کیلئے بہتر رویہ کلیدی کردار ادا کرتا ہے جبکہ افسران اپنے ماتحت عملے کو بھی عوام دوست رویے اور بہترین پبلک سروس ڈلیوری یقینی بنانے کی تلقین کریں۔اس موقع پر سٹریس مینجمنٹ، عوام سے طرزعمل، کمیونٹی پولیسنگ اور جدید پولیسنگ کے تقاضوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ ایس پی ہیڈکوارٹرز منزہ کرامت کا کہنا تھا کہ پولیس لائنز سکول میں دورانِ کورسز پولیس افسران و جوانوں کو عوام سے بہتر رویہ اور پبلک سروس ڈلیوری سے متعلق لیکچرز کا سلسلہ جاری ہے جبکہ حکومتی احکامات پر من و عن عملدر آمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔