پنجاب جیل خانہ جات کے پانچ ملازمین کیلئے بارہ لاکھ روپے ڈونیشن کا انتظام کیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر) آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کی ذاتی دلچسپی، خصوصی کاوشوں اور ہمدردانہ اقدامات کے نتیجے میں محکمہ کے پانچ ایسے ملازمین، جو کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھے، اْن کے علاج کو ممکن بنایا گیا ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کی خصوصی کوششوں سے متاثرہ ملازمین کے علاج کے لیے 12 لاکھ 4 ہزار روپے کی ڈونیشن کا انتظام کیا گیا، جس کے ذریعے اْن کا علاج اور طبی نگہداشت مسلسل جاری ہے۔ متاثرہ ملازمین کو بغیر کسی مالی دبا ئو کے بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جو نہ صرف محکمانہ فلاح بلکہ انسان دوستی اور اپنے ملازمین کے ساتھ عملی احساسِ ذمہ داری کی بہترین مثال ہے۔اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کا کہنا تھا کہ محکمہ جیل خانہ جات پنجاب اپنے ملازمین کو کسی بھی مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گا اور اْن کی صحت و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کا کوئی بھی ملازم کینسر، گردہ ٹرانسپلانٹ، امراضِ قلب یا کسی دیگر جان لیوا بیماری میں مبتلا ہے تو وہ فوری طور پر دفتر آئی جی جیل خانہ جات پنجاب یا آئی جی جیل خانہ جات سے ذاتی طور پر رابطہ کرے تاکہ بروقت علاج معالجے کے لیے مکمل معاونت فراہم کی جا سکے۔یہ اقدام محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کی جانب سے اپنے ملازمین کی فلاح و بہبود اور انسان دوستی کے جذبے کا عملی مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔