پاک چین تعلقات کے 75 برس مکمل، ایس پی یو کی پیشہ وارانہ کارکردگی نمایاں رہی
لاہور(کرائم رپورٹر) پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) پنجاب پولیس نے چائنیز شہریوں، اہم تنصیبات اور قومی ترقیاتی منصوبوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے میں نمایاں پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویڑن اور آئی جی پنجاب کی ہدایات کے مطابق ایس پی یو غیر ملکی شہریوں خصوصاً چائنیز باشندوں کی سکیورٹی کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔کمانڈنٹ ایس پی یو، ڈی آئی جی طیب حفیظ چیمہ کی م ئوثر قیادت میں یونٹ نے اہم قومی منصوبوں کی کامیاب تکمیل میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ڈی آئی جی طیب حفیظ چیمہ کے مطابق سال 2023 میں جدید ایس پی یو آپریشنز روم قائم کیا گیا جہاں رئیل ٹائم وہیکل ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے چائنیز شہریوں کی آمد و رفت کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 10 برسوں کے دوران ایس پی یو نے 72 لاکھ 7 ہزار 860 آ ئوٹر سٹی موومنٹس جبکہ 85 لاکھ 96 ہزار 280 کلومیٹر انٹر سٹی موومنٹس کامیابی سے مکمل کیں۔ اسی عرصے میں تقریباً ایک لاکھ 53 ہزار 300 غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب کے پانچ بڑے ائیرپورٹس پر پہنچے جن کا مکمل ڈیٹا ایس پی یو فرنٹ ڈیسک پر فیڈ کرنے کے بعد انہیں بحفاظت منزلِ مقصود تک پہنچایا گیا۔کمانڈنٹ ایس پی یو کا کہنا تھا کہ چائنیز شہریوں اور اہلکاروں کے درمیان کمیونیکیشن گیپ ختم کرنے کے لیے ایس پی یو جوانوں کو چائنیز لینگویج کورسز بھی کروائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی محض سفارتی تعلق نہیں بلکہ اعتماد، اخوت اور مشترکہ ترقی کی روشن مثال ہے۔ڈی آئی جی طیب حفیظ چیمہ نے مزید کہا کہ آئی جی پنجاب عبد الکریم کی پروفیشنل کمانڈ میں ایس پی یو پنجاب پولیس چائنیز شہریوں اور قومی منصوبوں کی سکیورٹی کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے۔ انہوں نے ان کامیابیوں کا سہرا ایس پی یو کے بہادر جوانوں کو دیتے ہوئے کہا کہ فورس کے اہلکار چائنیز شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ الرٹ اور تیار رہتے ہیں