لاہور(کرائم رپورٹر) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر کی مختلف مویشی منڈیوں کا دورہ کرتے ہوئے کاہنہ مویشی منڈی کا بھی معائنہ کیا جہاں ڈی ایس پی ماڈل ٹا ئون نے انہیں انٹری، ایگزٹ اور پارکنگ انتظامات پر بریفنگ دی۔ سی ٹی او لاہور نے انتظامات کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ڈی ایس پی ماڈل ٹا ئون سے ناراضگی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ چھوٹی گاڑیوں، بڑی گاڑیوں اور لوڈر رکشوں کی پارکنگ الگ الگ بنائی جائے جبکہ جانور اتارنے کے بعد ٹرک، مزدا اور دیگر بڑی گاڑیوں کی پارکنگ رنگ روڈ کی پچھلی سائیڈ پر منتقل کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جانور اتارنے والی گاڑیوں کیلئے علیحدہ سرکل تشکیل دیا جائے تاکہ ٹریفک آمنے سامنے نہ آئے اور روانی برقرار رہے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق مویشی منڈیوں میں رانگ پارکنگ اور ون وے ٹریفک کی خلاف ورزیوں کے سدباب کیلئے خصوصی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ اضافی نفری کے ساتھ ٹریفک ریسپانس یونٹ بھی موجود ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مین شاہراہوں پر کسی بھی جانور یا گاڑی کو کھڑا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ شہر میں غیر قانونی مویشی منڈیاں لگانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ شہر بھر میں 6 بکر منڈیاں قائم کی گئی ہیں جن کی نگرانی کیلئے 13 ڈی ایس پیز، 60 انسپکٹرز اور 200 وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے 10 فوک لفٹرز بھی فیلڈ میں موجود ہیں۔ انہوں نے تمام سرکل افسران کو مویشی منڈیوں کے مسلسل دورے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وارڈنز نوسربازوں، مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر بھی کڑی نظر رکھیں۔