نوسر بازوں، جیب تراشوں کی سرکوبی کیلئے موثر پٹرولنگ پلان تشکیل
منظور کردہ پوائنٹس کے علاوہ مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں:آئی جی
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس صوبہ بھر کی مویشی منڈیوں میں ہائی الرٹ ہو کر سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دے رہی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر کی 230 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے فرائض 4000 افسران و اہلکار سر انجام دے رہے ہیں۔ لاہور میں 11 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی پر 1000 پولیس افسران اور جوان تعینات ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ مویشی منڈیوں کے بیوپاریوں اور خریدار شہریوں کی سکیورٹی کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے منظور کردہ پوائنٹس کے علاوہ کسی بھی جگہ مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں۔ غیر قانونی مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔ نوسر بازوں، جیب تراشوں اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے موثر پٹرولنگ پلان تشکیل دیا جائے۔ ڈولفن سکواڈ اور پولیس رسپانس یونٹ سمیت 284 پٹرولنگ ٹیمیں مویشی منڈیوں کے اطراف موثر پٹرولنگ کر رہی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ شیخوپورہ ریجن میں 26 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی پر 200 افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ گوجرانوالہ ریجن میں 41 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 600 افسران و اہلکار تعینات ہیں۔ راولپنڈی ریجن میں 15 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 250 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سرگودھا ریجن میں 24 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 200 افسران و اہلکار تعینات ہیں۔فیصل آباد میں 19 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 600 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ملتان میں 26 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 400 سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہیں۔ ساہیوال میں 11 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 200 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ بہاولپور میں 35 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 300 سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہیں اورڈی جی خان میں 22 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 200 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔