حادثات میں 649 افراد شدید زخمی، 80 فیصد واقعات میں موٹرسائیکلیں شامل رہیں
لاہور(کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1258 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا گیا، جن میں 649 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ 800 معمولی زخمیوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ اعدادوشمار کے مطابق حادثات میں 80 فیصد تعداد موٹرسائیکل حادثات کی ہے، اس لیے روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل، لائن اور لین کے نظم و ضبط کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کے مطابق حادثات میں 823 ڈرائیورز، 53 کم عمر ڈرائیورز، 491 مسافر اور 151 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ لاہور کنٹرول روم میں 125 حادثات کی کالز موصول ہوئیں، جن میں 143 متاثرین کے ساتھ لاہور پہلے، 78 حادثات اور 90 متاثرین کے ساتھ فیصل آباد دوسرے جبکہ 78 حادثات اور 90 متاثرین کے ساتھ ملتان تیسرے نمبر پر رہا۔ مجموعی 1465 متاثرین میں 1172 مرد اور 293 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 253 افراد کی عمر 18 سال سے کم، 760 کی عمر 18 سے 40 سال اور 452 افراد کی عمر 40 سال سے زائد ہے۔ حادثات میں 1369 موٹرسائیکلیں، 88 آٹو رکشے، 136 کاریں، 27 وین، 14 مسافر بسیں، 20 ٹرک اور 55 دیگر گاڑیاں شامل تھیں