سی سی ٹی وی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر) سروسز ہسپتال میں مریضوں کے لواحقین سے موبائل فون اور نقدی چوری کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق شادمان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گڑھی شاھو اور مدینہ کالونی سے ملزمان فرقان اور شہزاد کو حراست میں لیا۔ گرفتاریاں سی سی ٹی وی فوٹیجز اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے عمل میں لائی گئیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چند روز قبل ملزمان نے رات گئے سروسز ہسپتال میں سوئے ہوئے مریضوں کے لواحقین کے موبائل فون چوری کیے تھے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز میں ملزمان کو ہسپتال میں داخل ہوتے اور واردات سے قبل ریکی کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹائون اسد علی کے مطابق ایس ایچ او شادمان کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ 4 موبائل فون اور نقدی بھی برآمد کر لی ہے جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔