لندن میں شدید گرمی کی لہر، یلو ہیلتھ الرٹ جاری

لندن میں شدید گرمی کی لہر، یلو ہیلتھ الرٹ جاری

لندن میں شدید گرمی کی لہر کے باعث برطانوی محکمہ صحت نے یلو ہیلتھ الرٹ جاری کر دیا ہے، جو کل سے نافذ العمل ہوگا۔

یہ الرٹ اس خدشے کے پیشِ نظر جاری کیا گیا ہے کہ بڑھتا ہوا درجہ حرارت عوام، خصوصاً بزرگوں اور کمزور صحت والے افراد کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔برطانوی ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی کے مطابق لندن اور دیگر علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جس کے باعث موسم کو صحت کے لیے حساس قرار دیا گیا ہے۔ ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی یہ لہر ہسپتالوں اور ایمرجنسی سروسز پر اضافی دباؤ ڈال سکتی ہے۔رپورٹس کے مطابق یہ اس سال پہلی بڑی ہیٹ ویو ہے جو لندن کو متاثر کر رہی ہے۔ موسم کے زیادہ تر خشک اور صاف رہنے کی توقع ہے، تاہم ہفتے کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے موسم میں جزوی تبدیلی آ سکتی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق رواں سال برطانیہ میں پہلے ہی غیر معمولی درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔

اپریل میں جنوب مغربی لندن کے علاقے کیو گارڈنز میں درجہ حرارت 26.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا، جبکہ مئی میں بعض علاقوں میں درجہ حرارت 32.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہوا، جو تاریخی سطح کے قریب ہے۔ماہرین کے مطابق یلو ہیلتھ الرٹ اس وقت جاری کیا جاتا ہے جب موسم کی شدت کے باعث عوامی صحت کو درمیانے درجے کا خطرہ لاحق ہو، اور اس دوران عوام کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ زیادہ پانی پیئیں، دھوپ سے بچیں اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔محکمہ صحت نے شہریوں کو خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور دل و سانس کے مریضوں کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے تاکہ ممکنہ صحت کے مسائل سے بچا جا سکے۔