، کوئی بھی حکمران ہو ‘کسی بھی بازار میں ٹیکس لینے کیلئے داخل ہو کر دکھا دے، ایسا ہوا تو خود کشی کر لوں گا
ریاست ٹیکس وصول کرنے میں ناکام ہو گئی ،ملک میں نااہلی ہی بنیادی مسئلہ ہے:سابق چیئرمین ایف بی آر
لاہور(آئی این پی )سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے پاکستان میں ہر آدمی ٹیکس چور ہے، تاجروں سے کوئی ٹیکس نہیں لے سکتا، خواہ کوئی جنرل مشرف ہو یا کوئی اور مائی کا لال ہو۔ انہوںنے نجی یونیورسٹی میں منعقدہ پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اسلام آباد سے جان چھڑوا دیں تو سارے مسئلے حل ہو جائیں گے، کوئی بھی حکمران ہو کسی بھی بازار میں جائے اور ٹیکس لینے کیلئے داخل ہو کر دکھا دے، اگر ایسا ہوا تو خود کشی کر لوں گا۔سابق چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ میں 25 فیصد سپر ٹیکس لیا جا رہا ہے، جبکہ دنیا میں اوسط ٹیکس شرح 26 فیصد ہے لیکن پاکستان میں مجموعی طور پر 51 فیصد تک ٹیکس وصول کیا جاتا ہے، پھر بھی ملک کا موازنہ بھارت اور بنگلہ دیش سے کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 11 کھرب روپے سرکولیشن میں ہیں جبکہ بعض بینک اور مالیاتی ادارے بھی ٹیکس چوری میں ملوث ہیں، ناکام ریاست ٹیکس وصول کرنے میں ناکام ہو گئی ہے اور ملک میں نااہلی ہی بنیادی مسئلہ ہے